امریکا میں موجود پاکستانی فلم اسٹار میرا نے وزیراعظم عمران خان کے سامنے ہاتھ جوڑ لیے۔
نیویارک میں پھنسی اداکارہ میرا نے ہاتھ جوڑ کر وزیراعظم عمران خان سے مدد کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ وہ بیرون ملک اس طرح کے حالات میں نہیں بلکہ پاکستان آکر اپنے ملک میں مرنا چاہتی ہیں۔
میرا کا کہنا ہے کہ یہاں روزانہ ہزاروں لوگ مر رہے ہیں، نیویارک قبرستان میں تبدیل ہورہا ہے، میرے پاس رقم ختم ہوچکی ہے، گزارہ مشکل ہوگیا ہے، ہوٹل کے کمرے میں قید ہوں۔
اداکارہ نے کہا کہ ہمایوں سعید اور دیگر فنکاروں کے ساتھ شوٹنگ کیلئے امریکا آئی تھی، تمام ساتھی فنکار واپس جاچکے ہیں میں تنہا امریکا میں پھنس گئی ہوں۔
میرا نے کہا کہ عمران خان نے ہمیشہ فنکاروں کی حوصلہ افزائی کی ہے، میری وطن واپسی کے انتظامات کیے جائیں۔
گزشتہ دنوں میرا نے ایک ویڈیو بھی شیئر کی تھی جس میں وہ وائٹ ہاؤس کے سامنے جاگنگ کررہی تھیں اور لوگوں کو کورونا وائرس سے محتاط رہنے کی ہدایت کررہی تھیں۔
پاکستان میں 30 اپریل تک ڈومیسٹک اور بین الاقوامی پروازیں بند ہیں البتہ مختلف ممالک میں پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کیلئے خصوصی پروازیں چلائی جارہی ہیں۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس سے امریکا دنیا میں سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے اور ریاست نیویارک امریکا کی سب سے متاثر ریاست ہے۔
امریکا میں اب تک کورونا وائرس کے 7 لاکھ 70 ہزار کیسز سامنے آچکے ہیں جن میں سے 41 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
0 Comments
Please don't use vulgar comments and avoid discussion on Religious matters